اپنا گھر اسکیم میں اب تک 11 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں ،وزیراعظم
16 ہزار 587 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں۔3 ہزار 146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔ بریفنگ
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسی رفتار سے آگے بڑھا جائے تو زیادہ سے زیادہ افراد کے اپنے گھر کا خواب پورا ہوگا، جبکہ اس اسکیم سے تعمیرات کے شعبے اور معیشت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے اسکیم کے عمل میں مزید سہولیات فراہم کرنے، درخواست فارم آسان بنانے اور بینکوں کے ذریعے منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم تیز کی جائے اور صوبے ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کریں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک اسکیم کے تحت 11 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں جبکہ 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق 16 ہزار 587 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں اور 3 ہزار 146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو درخواستیں 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے اور اسکیم کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل پورٹل بھی لانچ کیا جا چکا ہے۔