عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب ٹریفک پولیس کا شہری پر مبینہ تشدد،ویڈیو وائرل

شہری کو بند راستے کی جانب جانے سے روکا گیا تھا، تاہم اس نے مبینہ طور پر مزاحمت اور بدتمیزی کی،ٹریفک پولیس

June 12, 2026 · قومی

کراچی: حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہری کو بند راستے کی جانب جانے سے روکا گیا تھا، تاہم اس نے مبینہ طور پر مزاحمت اور بدتمیزی کی، جس کے بعد اہلکاروں اور شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی اور اہلکاروں کی جانب سے شہری پر تشدد کیا گیا۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے اور ویڈیو کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔