گوادر ساحل پر 20 کلومیٹر تک خام تیل پھیل گیا،سمندری حیات خطرے میں
یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ ساحل پر اتنی بڑی مقدار میں خام تیل کہاں سے آیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گوادر: مغربی ساحلی علاقے میں خام تیل پھیلنے کے باعث سمندری حیات شدید خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوادر کے مغربی ساحل پر تقریباً 20 کلومیٹر کے رقبے میں خام تیل پھیل گیا ہے، جس کے بعد ساحلی ماحول اور سمندری حیات کو شدید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ ساحل پر اتنی بڑی مقدار میں خام تیل کہاں سے آیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ایک افسر کے مطابق ممکنہ طور پر سمندری آلودگی کا تعلق خطے میں جاری کشیدگی یا بحری راستوں پر پیش آنے والے واقعات سے ہو سکتا ہے، جبکہ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تیز ہوائیں تیل کو ساحل تک لے آئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے میں خام تیل کی موجودگی سے مچھلیوں سمیت دیگر سمندری حیات کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے، جہاں برینٹ اور دیگر اقسام کی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔