ہنگری میں دو ٹریفک حادثات، 8 غیر ملکی ہلاک
ایک ٹرک سڑک کی مرمت کرنے والی مشین سے ٹکرا گیا، تحقیقات جاری
فائل فوٹو
ہنگری کے شمال مغربی شہر گیور کے قریب ایم ون موٹروے پر پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں 8 غیر ملکی شہری ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
شنہوا کے مطابق گیور-موشون-شوپرون کاؤنٹی پولیس نے بتایا کہ آسٹریا کی سرحد کے قریب واقع ہنگری کے قصبے
ہیگیش ہالوم جانے والی موٹروے پر ایک ٹرک سڑک کی مرمت کرنے والی مشین سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پہلے حادثے کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک جام کے کچھ ہی دیر بعد نو افراد کو لے جانے والی ایک منی بس رکے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
پولیس کے مطابق منی بس میں سوار 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران موٹروے کو دونوں اطراف سے بند کر دیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا۔