اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے بند؛ شدید ٹریفک جام، ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں

احتجاجی مظاہروں کے باعث اہم ترین داخلی پوائنٹ ٹریفک کے لیے تاحال مکمل بند

June 12, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد / راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاجی سرگرمیوں اور سیکیورٹی اقدامات کے باعث جڑواں شہروں کے متعدد اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں جڑواں شہروں میں شدید تریفک جام اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق شہر کے اہم ترین مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

شاہراہِ دستور / N5 ہائی وے: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر بلاک کر دیا ہے۔

پشاور روڈ: قائد اعظم انٹرنیشنل ہاسپٹل (QIH) کے سامنے سڑک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جہاں اس وقت صرف ایک لین ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔

26 نمبر گولڑہ موڑ چیک پوسٹ: جاری احتجاجی مظاہروں کے باعث یہ اہم ترین داخلی پوائنٹ ٹریفک کے لیے تاحال مکمل بند ہے۔

جی ٹی روڈ (مارگلہ ایونیو): اسلام آباد کی طرف آنے والی ٹریفک کے لیے راستہ بند ہے، تاہم شہر سے باہر جانے والی ٹریفک کے لیے ایک لین کھلی رکھی گئی ہے۔

ٹریفک کی اس سنگین صورتحال کے باعث مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسز اور ہنگامی گاڑیوں کو بھی شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنے متبادل راستوں کا تعین کریں اور اضافی وقت لے کر نکلیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال اور پریشانی سے بچا جا سکے۔