ن لیگ کو بھی بجٹ والےدن پتہ چلا ہوگا،بجٹ کیاہے:ایمل ولی

سینیٹ اجلاس میں بجٹ، آئی ایم ایف اور حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید

June 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ والوں کو بھی بجٹ والے دن پتہ چلا ہوگا کہ بجٹ کیا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے سوال اٹھایا کہ یہ بجٹ پاکستان نے بنایا ہے یا آئی ایم ایف نے، اور کہا کہ آئی ایم ایف سے تیار شدہ بجٹ آیا ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جب اقتدار ملتا ہے تو ان کے رویے بدل جاتے ہیں، اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ محسن نقوی یا محمد اورنگزیب کو کبھی ن لیگ میں نہیں دیکھا گیا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا وقت انہوں نے ن لیگ کے ساتھ گزارا لیکن بعد میں اندرونِ خانہ معاہدے کیے گئے، اور ن لیگ نے پی ڈی ایم میں پیٹھ میں چھرا گھونپا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مفلوج ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ نواز شریف کی سوچ یا نظریہ نہیں ہے۔
بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ پاکستانی عوام کے ساتھ مذاق ہے، جس میں صرف ٹیکس اور قرض شامل ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کو کچھ نہیں دیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمین کام نہ کرنے کی تنخواہ لیتے ہیں اور کام کرنے کی رشوت، جبکہ 140 کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جا رہا۔