مظفرآبادمیں شہریوں کو ضروری کاروباری خدمات فراہم کرنے کی ہدایت جاری

عدم تعمیل پر کارروائی ہوگی۔ ڈی سی کا مراسلہ

June 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

آزادکشمیر حکومت نے دارالحکومت مظفر آبادمیں ضروری خدمات کی فراہم کے لیے ہدایت جاری کردی۔ ڈپٹی کمشنرکے دفتر سے جاری مراسلے کے مطابق عوام کی سہولت کے پیش نظر کاروبارکھولنے کا حکم دیا گیاہے۔

ڈی سی مظفرآبادنے انتباہ کیاہے کہ عدم تعمیل اور ضروری کاروبار نہ کھولنے کی صورت میں ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ریاست میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی کال پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں اور اس دوران کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ مظفر آباد سمیت متعدد علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں، تاہم کچھ علاقوں کے بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں محدود رہیں اورکئی بازار بند رہے۔