قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ہڑتال کے باعث امتحانات منسوخ

قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال کی مدتِ عہدہ ختم ہونے کے باوجود مستقل تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی

June 17, 2026 · قومی

 

قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہونے کے خلاف طلبہ تنظیم قائدین اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی،

جس کے باعث یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہڑتال کے نتیجے میں طلبہ و طالبات نے کلاسوں کا بھی بائیکاٹ کر دیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامی معاملات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال کی مدتِ عہدہ ختم ہونے کے باوجود مستقل تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

طلبہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مسلسل غیر یقینی صورتحال کے باعث تعلیمی ماحول خراب ہو رہا ہے اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور بائیکاٹ جاری رہے گا۔