اسلام آباد مفاہمتی یادداشت:صدر کا سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین
خطے میں پائیدار اور جامع امن کی بنیاد ثابت ہو سکتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ تمام فریقین کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے، جو ان کے مطابق خطے میں پائیدار اور جامع امن کی بنیاد ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا، جبکہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔
آصف علی زرداری کے مطابق پاکستان نے بحران کے دوران اصولی، متوازن اور تعمیری سفارتی کردار ادا کیا، اور ہر سطح پر مذاکرات، تحمل اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پورے عمل میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور عسکری قیادت کی سفارتی کوششیں انتہائی اہم رہی ہیں، جنہوں نے معاہدے کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔