امریکہ، ایران معاہدے نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، بلاول
قومی اسمبلی میں امن، این ایف سی اور بجٹ پر اظہار خیال
فائل فوٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگ سے بہتر بات چیت ہوتی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل اور اعلیٰ عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی اعلیٰ کاوشوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیشرفت ہے۔ ان کے بقول جب امن قائم ہوتا ہے تو قومیں ترقی کرتی ہیں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے باوجود کچھ عناصر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،بھارت کی جانب سے آپریشن سندور 2 کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان صوبوں اور وفاق کو اخراجات کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کیے جانے سے قبل 18ویں ترمیم کے خاتمے سے متعلق غلط خبریں پھیلائی گئیں اور یہ بھی کہا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بجٹ میں ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ این ایف سی کو محفوظ رکھا گیا ہے اور وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صوبوں کا این ایف سی محفوظ ہے اور اس حوالے سے کوئی مطالبہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل اور خطرات کا مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج صوبوں کو پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز میں ان کا حق نہیں مل رہا، تاہم صوبائی حکومتوں نے بار بار قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دے رہی ہیں۔