آج تیل کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کا اعلان کریں گے،وزیراعظم
جنگ بندی سے اب خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی،قومی اسمبلی میں خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہماری حکومت نے وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی تو اسے قوم کو واپس لوٹائیں گے لہٰذا آج اس میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کریں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج ساری دنیا میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے گونج رہا ہے، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 3 مہینے پہلے جنگ چھڑنے پر تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی لیکن جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، یقیناً اس میں مزید کمی آئے گی، جنگ بندی سے اب خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔ان کامزید کہناتھاکہ اس وقت ہمارے وسائل محدود تھے، آج تیل اور پیٹرول کی ہفتہ وار قیمتوں کا اعلان کرنا ہے، خاطر خواہ کمی کا اعلان کیاجائےگا۔
وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے کرم سے پاکستان کو عزت عطا کی، پوری قوم مبارکباد کی حقدار ہے، عمر بھر اس مالک کا سجدہ ریز ہوکر شکریہ ادا کرتے رہیں تو نہیں کر سکتیں، صدیاں گزر جاتی ہیں مگر قوموں کو ایسی عزت نہیں ملتی جو ہمیں ملی۔ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے، اگر یہ ایوان اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کرے تو دنیا میں اتحاد کا پیغام جائے گا، اپوزیشن لیڈر اور سب اراکین سے کہوں گا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قومی عبادت کے لیے ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس عالمی امن معاہدے میں سب سے زیادہ کلیدی رول فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہے، سید عاصم منیر نے دو تین ماہ راتوں میں جاگ کر گزارے ہیں، اللہ پاک نے انتھک محنت اور خلوص نے ہمیں کامیابی دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے امن کیلئے انتھک کام کیا، کئی مواقع ایسے آئے کہ لگ رہا تھا کہ مذاکرات ختم ہوگئے، نائب وزیر اعظم کا شکریہ اور مبارک باد دینا چاہتا ہوں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا، میں اپوزیشن لیڈر اور اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل شام کو ایران کے صدر نے ٹیلی فون کال کی، مسعود پزشکیان نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، مسعود پزشکیان نے نام لے کے فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی صدرنےسپریم لیڈرکی نمازجنازہ میں شرکت کی دعوت دی، نماز جنازہ میں پاکستان ضرور شریک ہوگا۔