وزیر اعظم نے پٹرول 74 روپےاور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا کردیا
پٹرول کی فی لٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اورڈیزل کی فی لٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی ۔ شہباز شریف
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیر اعظم نے پٹرول 74 روپےاور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا کردیا،پٹرول کی فی لٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اورڈیزل کی فی لٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے۔اس طرح پٹرول کی فی لٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آ جائے گی اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، آپ نے مشکل صورتحال صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ اس بحران کے آغاز سے ہی ہم نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے، ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا خطے کی معاشی صورتحال کے دوران جب کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات لیے جا رہے تھے، حکومت پاکستان کی بہتر منصوبہ کی بدولت توانائی کا بحران نہیں آیا۔ موثر اقدامات کی بدولت ، نہ کوئی لائن لگی، نہ لمبی قطاریں لگیں، اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
انھوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا جس کے لیے میں صوبائی وزرائے اعلی کا شکر گزار ہوں۔ جس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئے گی وہ من و عن عوام کو منتقل کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔ بحران کے پورے عرصے میں نہ صرف حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا بلکہ ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اللہ کے فضل سے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو ایک تاریخی دستاویز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ عزت و اکرام اپنی کمال مہربانی سے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمایا۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خصوصی مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی بدولت یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور حکومت پاکستان کی پوری ٹیم جو امن کی ان کوششوں میں خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی، کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ اس کے علاوہ معاشی ٹیم، جن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں، نے معاشی بحران میں قابل قدر کوششیں کیں، جو قابل ستائش ہیں۔