غزہ میں انسانی صورتحال بدستور تشویشناک ہے،عاصم افتخار احمد

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

June 20, 2026 · اہم خبریں

 نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور لاکھوں شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں لاکھوں افراد خوراک کی کمی اور غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ 10 لاکھ سے زائد بچے مناسب غذا، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رفح سمیت تمام سرحدی گزرگاہوں کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ متاثرہ آبادی تک امدادی سامان بلا رکاوٹ پہنچایا جا سکے۔

عاصم افتخار احمد نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔