غذا سے چینی کو مکمل طور پر ختم کرنا فائدہ مند ہے یا نہیں

متوازن غذا صحت کے لیے زیادہ اہم ہے اور کسی بھی غذائی جز کو مکمل طور پر ترک کرنا ضروری نہیں کہ بہتر نتائج دے۔

June 20, 2026 · کائنات کے رنگ
غذا سے چینی کو مکمل طور پر ختم کرنا فائدہ مند ہے یا نہیں

شکاگو ۔ایک نئی طبی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ غذا سے چینی کو مکمل طور پر ختم کرنا ہر صورت میں فائدہ مند نہیں ہوتا اور بعض حالات میں یہ میٹابولک صحت پر منفی اثرات بھی ڈال سکتا ہے۔

یہ تحقیق امریکی شہر شکاگو میں منعقدہ طبی کانفرنس اینڈو 2026 میں پیش کی گئی۔ تحقیق کے دوران چوہوں کو 16 ہفتوں تک مختلف غذائی معمول پر رکھا گیا۔

ایک گروپ کو کم چکنائی والی ایسی غذا دی گئی جس میں عام چینی (سکروز) شامل تھی، جبکہ دوسرے گروپ کو اسی طرز کی غذا دی گئی لیکن اس میں چینی مکمل طور پر شامل نہیں تھی۔

نتائج کے مطابق اگرچہ دونوں گروپس کے وزن میں نمایاں فرق نہیں دیکھا گیا، تاہم چینی سے مکمل پرہیز کرنے والے گروپ میں متعدد منفی اثرات سامنے آئے۔ ان میں خون میں شوگر کے توازن میں خرابی، انسولین مزاحمت میں اضافہ، آنتوں کے بیکٹیریا کے توازن میں بگاڑ، آنتوں کی سوزش، اور جگر میں فیٹی لیور سے ملتی جلتی تبدیلیاں شامل تھیں۔

محققین کے مطابق نتائج اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ متوازن غذا صحت کے لیے زیادہ اہم ہے اور کسی بھی غذائی جز کو مکمل طور پر ترک کرنا ضروری نہیں کہ بہتر نتائج دے۔