خنجراب میں کئی سال بعدہمالیائی براؤن بیئر کی موجودگی کانایاب منظروڈیوپر محفوظ

14ہزارفٹ کی بلندی پر نیشنل پارک میں دیکھاگیا

June 20, 2026 · امت خاص

تصویر: سوشل میڈیا

پاکستان کے شمال میں واقع خنجراب نیشنل پارک (Khunjerab National Park) میں14ہزارفٹ کی بلندی پر ایک بڑے ہمالیائی براؤن بیئر کی تصدیق شدہ موجودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ واقعہ پارک کے وائلڈ لائف سٹاف کیبن کے بالکل قریب رات کے وقت پیش آیا۔

وائلڈ لائف کنزرویشن کے ماہر اور سابق سول سرونٹ سید رضوان محبوب نے سوشل میڈیاپر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ برسوں بعد خنجراب نیشنل پارک میں ایک بڑا ہمالیائی براؤن بیئرنظرآیا ہے۔ اب ہم برفانی چیتے کے ساتھ ساتھ ان بھورے ریچھوں کا بھی خیال رکھیں گے۔

ویڈیو میں ریچھ رات کے اندھیرے میں پارک کے علاقے میں گھومتا، زمین سونگھتا اور ادھرادھرچلتا پھرتا دکھائی دیتا ہے۔

یہ منظر وائلڈ لائف کے شائقین کے لیے دلچسپ اور حوصلہ افزا ہے۔

ہمالیائی براؤن بیئر پاکستان میں انتہائی نایاب اور خطرے سے دوچار نوع ہے۔اپر ہنزہ اور خنجراب میں اس کی آبادی بہت کم رہ گئی ہے۔دیوسائی کے علاہ ان علاقوں میں اس ریچھ کی الگ مقامی آبادی ہے جو تقریباً ختم ہونے کے قریب تھی۔حالیہ نظارے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ حفاظتی اقدامات سے اس کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔

واضح رہے کہ خنجراب نیشنل پارک برفانی چیتے سمیت متعدد نایاب انواع کا گھر ہے۔ پارک حکام اور مقامی لوگوں کی کوششوں سے آئی بیکس کی آبادی میں بھی بہتری آئی ہے۔

اس پوسٹ پر لوگوں نے مثبت ردعمل دیا۔ بہت سے صارفین نے وائلڈ لائف سٹاف اور حکام کی تعریف کی ۔ کچھ نے ریچھ کی حفاظت اور اس کے قدرتی رہائش گاہ کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔