پارلیمنٹ کو ویگو ڈالوں سے بچائیں، یہ بے ہودگی ہے، خواجہ آصف کی دہائی

سکیورٹی پروٹوکول میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور اندازِ سیاست پر نظرثانی کا مطالبہ

فائل فوٹو

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف دہشتگردی اور افغانستان سے متعلق حکومتی مؤقف بیان کر رہے ہیں۔

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کو ویگو ڈالوں سے بچائیں، یہ بے ہودگی ہے۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نمائندوں اور وزرا کے طرزِ عمل پر سخت تنقید کی اور سکیورٹی پروٹوکول میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور اندازِ سیاست پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے رویے اور سیکیورٹی کلچر میں سادگی اپنانی چاہیے، کیونکہ ان کے اقدامات عوام میں براہِ راست مثال بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے کردار اور رویوں کو مثال کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اس لیے ان کا طرز عمل معاشرے پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

خواجہ آصف نے وزرا اور ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے بھاری سیکیورٹی قافلوں اور ویگو ڈالوں کے استعمال کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اکثر طاقت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ جس سے عوام میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو یاد دلایا کہ اقتدار اور اختیار عوام کی امانت ہیں، اس لیے عوامی نمائندوں کو اپنے رویوں اور طرز زندگی سے مثبت مثال قائم کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے ارکان کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ انہیں عزت اور اختیار عوام کی طرف سے دیا گیا ہے، اور ان کے طرزِ عمل کو لوگ دیکھتے اور اس کی تقلید کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب کوئی شخص اقتدار میں ہوتا ہے تو پولیس آگے ہوتی ہے اور جب اقتدار میں نہیں ہوتا تو تو پولیس پیچھے ہوتی ہے، اس لیے رویوں میں توازن اور شائستگی ضروری ہے۔

انہوں نے ویگو کلچر اور ضرورت سے زائد سیکیورٹی پروٹوکول پر ازسرنو غور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو غیر ضروری پروٹوکول سے گریز کرنا چاہیے تاکہ عوام تک مثبت پیغام پہنچ سکے۔