مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے خلاف ایف آئی آر درج
اتھولی تھانے پر مبینہ حملے کے بعد پولیس کی کارروائی، مشترکہ تحقیقات کا اعلان
فائل فوٹو
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع کِشتواڑ میں اتھولی پولیس سٹیشن پر مبینہ حملے کے معاملے میں جموں و کشمیر پولیس نے انڈین فوج کی 17 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر، ایک نائب صوبیدار سمیت 24 فوجی اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق فوجی اہلکاروں پر الزام ہے کہ انھوں نے تھانے پر حملہ کر کے پولیس ملازمین پر تشدد کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ واقعے نے سیکورٹی فورسز کے درمیان اندرونی تال میل اور قانون کی بالادستی سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر نمبر 17/2026 کے مطابق، حملہ مبینہ طور پر پہلے سے منصوبہ بند تھا۔ الزام ہے کہ ضلع کے کجئی گاؤں میں واقع 17 راشٹریہ رائفلز کے کیمپ سے 30 سے 40 فوجی اہلکار، جن کی قیادت اعلیٰ افسران کر رہے تھے، اتھولی تھانے کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
عینی شاہدین اور ایف آئی آر کے متن کے مطابق، اہلکار لاٹھیوں، لوہے کی سلاخوں اور سروس ہتھیاروں سے لیس تھے۔
ادھر جموں میں انڈین فوج کے ترجمان نے واقعے پر اعلیٰ سطح کی مشترکہ تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ ان تحقیقات میں پولیس اور فوجی افسران مل کر معاملے کی جانچ کریں گے۔