اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے 14 قیدی فرار، 4 پکڑے گئے، 10 کی تلاش جاری
قیدی وین کو چیکنگ کےلیے روکا گیا تو ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں، پولیس ذرائع
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریزن وین سے 14 قیدی فرار ہوگئے، پولیس نے چار کو دوبارہ پکڑلیا، دس کی تلاش جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے علاقے چکیاں سٹاپ کے قریب اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے
پولیس ذرائع کے مطابق قیدی وین کو چیکنگ کےلیے روکا گیا تو ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں۔
اطلاعات کے مطابق وین میں 34 قیدی سوار تھے جنہیں اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا جارہا تھا کہ چکیاں اسٹاپ کے قریب 14 قیدی پراسرار طور پر وین سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے چار قیدیوں کو دوبارہ پکڑلیا جبکہ دس قیدی تاحال فرار ہیں جنہیں پکڑنے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کہوٹہ کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے سرچ آپریشن جاری ہے، قیدیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔