سوات میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیع اللہ فائرنگ میں جاں بحق

واقعے کے بعد زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

July 4, 2026 · قومی

سوات کے علاقے مٹہ میں نمازِ جنازہ کے دوران فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور تحصیل صدر سمیع اللہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ڈی ایس پی مٹہ حبیب شاہ کے مطابق واقعہ گھڑئی چپریال میں پیش آیا، جہاں نمازِ جنازہ کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے سمیع اللہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔