خیبرپختونخوا اسمبلی مراعات قانون گورنر فیصل کنڈی کے تحفظات

ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران کے اخراجات میں فوری اور نمایاں کمی لائی جائے۔تحریری نوٹ

July 10, 2026 · قومی

خیبرپختونخوا اسمبلی کے مراعات سے متعلق قانون پر دستخط کے موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے تحریری نوٹ میں متعدد اہم اعتراضات اور تحفظات کا اظہار کیا ہے
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے نام لکھے گئے نوٹ میں گورنر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور قومی معاشی بحران کے پیشِ نظر قانون پر عمل درآمد انتہائی احتیاط سے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی اسمبلی کی فنانس کمیٹی وزیر اعظم کے 14 نکاتی کفایت شعاری پروگرام پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے
گورنر نے سفارش کی کہ ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران کے اخراجات میں فوری اور نمایاں کمی لائی جائے، ایندھن کے استعمال کے لیے سخت کوٹہ بندی کی جائے، جبکہ تمام غیر ضروری مراعات اور اضافی تعیشات کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
اپنے نوٹ میں گورنر فیصل کنڈی نے خطے کی نازک صورتحال، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں صوبے کو سخت مالیاتی نظم و ضبط اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی قانون سازی اور مراعات کا نظام وفاقی حکومت کے معاشی ہنگامی فریم ورک سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ گورنر نے فنانس کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے انتظامی اور مالیاتی طریقۂ کار کا ازسرِنو جائزہ لے تاکہ کفایت شعاری کے اصولوں پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔