بلوچستان میں مون سون کی نئی لہر، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
نیا سلسلہ 11 جولائی سے شروع ہو کر 12 جولائی تک جاری رہے گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مون سون کے دوسرے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ 11 جولائی سے شروع ہو کر 12 جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، شیرانی، دکی، کوہلو اور ہرنائی میں موسلا دھار بارش، جبکہ لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارش سے متاثر ہونے والے اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔عوام خستہ حال گھروں میں رہائش اختیار نہ کریں اور بارشوں کے دوران پکنک پوائنٹس، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔