تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔ شہباز شریف کی ایرانی صدرسے گفتگو

پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم

July 11, 2026 · قومی

امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے ثالث پاکستان نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعے کی شب ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفوک گفتگو کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دورانِ گفتگو وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

’وزیراعظم (شہباز شریف) نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔

شہباز شریف نے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔‘

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ ’علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے گذشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔