گوجرانوالہ میں5 موٹرسائیکلیں لوڈر مزدا سے ٹکرا گئیں۔3افراد جاں بحق

نوشہرہ ورکاں میں پیش آنے والے حادثے میں 9 افراد زخمی،تمام متاثرین دربار جا رہے تھے

July 11, 2026 · قومی

گوجرانوالہ میں نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں سنیاریانوالہ میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایک لوڈر مزدا پنکچر ہونے کے بعد سڑک کنارے بغیر لائٹس کے کھڑی تھی، جس سے یکے بعد دیگرے پانچ موٹرسائیکلیں جا ٹکرائیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت علی مالک، فیصل اور حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں اکرم، نیلم، ارم، سنی، یاور، نادرہ، رفیق، مریم، اعجاز اور آفتاب شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقے چھچھروالی سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد پیروارث شاہ دربار جا رہے تھے کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آ گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔