مبینہ زیادتی کیس،انصاف نہ ملنے پر متاثرہ نوجوان درخت پر چڑھ گیا

نوجوان کے ہاتھ میں پیٹرول کی بوتل بھی تھی اور وہ انصاف نہ ملنے پر خودسوزی کی دھمکی دے رہا تھا۔

July 11, 2026 · قومی

لاہور: مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر ایک متاثرہ نوجوان نے پریس کلب کے باہر منفرد انداز میں احتجاج کیا، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے بحفاظت نیچے اتار لیا۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے ہڈیارہ سے تعلق رکھنے والا 15 سالہ نوجوان نبیل ملزم کی عدم گرفتاری پر احتجاجاً پریس کلب کے باہر ایک درخت پر چڑھ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کے ہاتھ میں پیٹرول کی بوتل بھی تھی اور وہ انصاف نہ ملنے پر خودسوزی کی دھمکی دے رہا تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ اہلکاروں نے نوجوان سے بات چیت کی اور اسے بحفاظت درخت سے نیچے اتار کر مزید کارروائی کے لیے اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ 28 جون کو اس کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ ہڈیارہ میں درج کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں خطرناک احتجاجی طریقے اختیار کرنے کے بجائے قانونی راستہ اپنائیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقدمے کی تفتیش قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔