آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ قومی کوششیں ضروری ہیں۔ وزیراعظم

تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ عالمی یوم آباد پر وزیراعظم کا پیغام

July 11, 2026 · قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ معاشی منصوبہ بندی، روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی شہری ڈھانچے کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا باعث ہے۔

آج (ہفتہ کو) منائے جانے والے عالمی یوم آبادی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی یوم آبادی پر اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضامن ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ منصوبہ سازی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ کی بنیاد ہے، وسائل سے متناسب آبادی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور خوشحال عوام کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر آبادی کے موضوع پر مختص یہ دن اس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، اس سال یہ عالمی دن ’’نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا‘‘ کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے، یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خوشحال مستقبل کی تشکیل میں نوجوان مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، نئی نسل کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور نمایاں نوجوان آبادی کے تناسب کی وجہ سے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے، مجموعی ملکی آبادی کا پینسٹھ فیصد سے زائد حصہ تیس برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو ایک قیمتی قومی سرمایہ اور معاشی و سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے