خواتین، بچوں اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے، صدر زرداری
ہم ایک ایسا مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں جو مساوی اور جامع ہو۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ترقیاتی حکمت عملی کا محور بنا کر ہم ایک ایسا مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں جو مساوی اور جامع ہو۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارآبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن جو اس سال ’’نوجوانوں کی امیدوں کو حقیقت کا روپ دینا -آج اور آنے والے کل کے لیے‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس عزم کی تجدید کرتا ہوں کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر شہری کو باوقار زندگی، صحت کی سہولیات اور یکساں مواقع میسر ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان اور باصلاحیت آبادی سے مالا مال ملک ہے، ہمارے پینسٹھ فیصد سے زائد شہریوں کی عمر تیس برس سے کم ہے جو قومی ترقی کے لیے ایک غیر معمولی موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، فنی مہارت اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ایک موثر آبادیاتی اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں جو معاشی ترقی، جدت اور سماجی خوشحالی کو نئی رفتار دے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں پر کی جانے والی آج کی سرمایہ کاری درحقیقت پاکستان کے مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہے، ہمیں خواتین اور بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کی اہمیت کا بھی مکمل ادراک ہونا چاہیے۔