راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ پھر تنازع کا شکار

منظور شدہ ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

July 11, 2026 · قومی

 راولپنڈی: راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں منظور شدہ ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور کو ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سے منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔

اطلاعات کے مطابق این او سیز، منظور شدہ نقشوں، لینڈ یوز، ایکسیس روڈ، بلڈنگ پلانز، پٹرول پمپ سے متعلق دستاویزات اور دیگر قانونی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ منصوبے کے مختلف مراحل کی جانچ کی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا منصوبے کے منظور شدہ ڈیزائن میں متعلقہ حکام کی منظوری کے بغیر کوئی تبدیلی کی گئی یا نہیں، اور نجی سروس ایریاز کو رسائی دینے کے لیے جاری کیے گئے این او سیز قانونی تقاضوں کے مطابق تھے یا نہیں۔

اس معاملے کا پس منظر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر ایک رٹ پٹیشن اور بعد ازاں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل سے بھی جوڑا جا رہا ہے، جس کے تناظر میں مختلف قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دستاویزی ریکارڈ کے مطابق منصوبے سے متعلق سرمایہ کاری، اراضی کی خریداری، سرکاری واجبات کی ادائیگی اور سروس ایریا کی تعمیر سے متعلق معاملات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنی عدالتی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سروس ایریا کو رنگ روڈ سے رسائی دینے سے منصوبے کے منظور شدہ ڈیزائن اور ٹریفک نظام پر اثر پڑ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ متعلقہ فورم پر پیش کی جائے گی۔