سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی،مزید 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک

تازہ آپریشن کے بعد "آپریشن شعبان" کے دوران ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی تعداد 57 تک پہنچ گئی ہے۔

July 11, 2026 · قومی

پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے جاری مشترکہ “آپریشن شعبان” کے دوران مزید پانچ مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ تازہ آپریشن کے بعد “آپریشن شعبان” کے دوران ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی تعداد 57 تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک “آپریشن شعبان” اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 95 مبینہ دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے مقصد کے تحت جاری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک مسلح شدت پسند عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ کارروائیاں ضلع زیارت میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد شروع کی گئی تھیں۔