لنڈی کوتل جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں مسلح تصادم،4 افراد جاں بحق،9 زخمی
واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،
خیبر (نمائندہ امت) ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل کس میں جائیداد کے تنازع پر دو فریقوں کے درمیان ہونے والی مسلح جھڑپ میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز عابد گروپ اور بجلی خان گروپ کے درمیان جائیداد کے تنازع پر تصادم ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید فائرنگ میں تبدیل ہو گیا۔ دونوں جانب سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے
ذرائع کے مطابق عابد گروپ کے صیفت اللہ ولد عامر رحمان اور رجید اللہ ولد شیر رحمان جاں بحق ہوگئے، جبکہ غلام فاروق ولد یاغیستان، رفیع اللہ ولد بخمل خان اور سعید خان ولد میثل خان شدید زخمی ہوئے
دوسری جانب بجلی خان گروپ کے قدیر ولد رئیس اور انثار ولد محمد نواز جاں بحق ہوگئے، جبکہ رحیف خان ولد بجلی خان، نعیم ولد نجیب اللہ، فرہاد ولد رحیم، بشیر ولد رؤف، ابراہیم ولد رئیس اور طارق ولد بجلی خان زخمی ہوئے
ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے باعث متعدد زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ایس ایچ او عشرت شینواری نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے
ایس ایچ او عشرت شینواری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،
واضح رہے کہ ایک دن روز پہلے شلمان میں بھی جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے تھے