کرپٹو کرنسی کیخلاف فتوے کے بعد مفتی تقی عثمانی سے بلال بن ثاقب کی ملاقات

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی عوام کو مالی فراڈ، استحصال اور ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

July 11, 2026 · قومی

پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ معروف مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی کے ساتھ ڈیجیٹل اثاثوں اور ان کی شرعی حیثیت سے متعلق تفصیلی اور تعمیری گفتگو ہوئی ہے۔

بلال بن ثاقب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی عوام کو مالی فراڈ، استحصال اور ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ گفتگو کے دوران بلاک چین، ڈیجیٹل اثاثوں، اسٹیبل کوائنز اور ٹوکنائزیشن جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ تمام ٹیکنالوجیز اپنی نوعیت، استعمال اور مقاصد کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، اس لیے ہر شعبے کا تکنیکی اور شرعی نقطۂ نظر سے الگ الگ اور گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ علمائے کرام، ریگولیٹری ادارے اور ٹیکنالوجی کے ماہرین باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ پاکستان میں ایسی پالیسی تشکیل دی جا سکے جو اسلامی اصولوں اور جدید ٹیکنالوجی دونوں سے ہم آہنگ ہو۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کے درمیان مسلسل مکالمہ مستقبل میں متوازن، محفوظ اور مؤثر پالیسی سازی میں مددگار ثابت ہوگا۔