نواب شاہ میں بڑا کریک ڈاؤن، 16 ہزار 500 بوریاں گندم برآمد

برآمد کی گئی تمام گندم سرکاری تحویل میں لے کر ضلعی فوڈ کنٹرولر کے حوالے کر دی گئی ہے، جہاں ضابطے کے مطابق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

July 12, 2026 · قومی

نواب شاہ میں ضلعی انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف گوداموں سے بڑی مقدار میں گندم برآمد کر لی، جسے مبینہ طور پر سرکاری قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ذخیرہ کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق دوڑ کے علاقے میں مختلف گوداموں پر چھاپوں کے دوران ایک گودام سے تقریباً 4 ہزار، دوسرے سے 3 ہزار، تیسرے سے 5 ہزار جبکہ ایک اور گودام سے 500 بوریاں گندم برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی گندم قبضے میں لی گئی، جس کے بعد برآمد ہونے والی بوریوں کی مجموعی تعداد تقریباً 16 ہزار 500 بتائی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی تمام گندم سرکاری تحویل میں لے کر ضلعی فوڈ کنٹرولر کے حوالے کر دی گئی ہے، جہاں ضابطے کے مطابق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔