دنیا کے بڑے کنٹینر جہازوں میں شامل ایم ایس سی ایریکا کراچی پورٹ پہنچ گیا

کراچی پورٹ انتہائی بڑے کنٹینر جہازوں کو محفوظ ،مؤثر انداز میں سنبھالنےکی مکمل صلاحیت رکھتی ہے

July 13, 2026 · قومی

دنیا کے سب سے بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار ہونے والا ایم ایس سی ایریکا, گزشتہ روز کراچی پورٹ پہنچا، جس نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ کراچی پورٹ انتہائی بڑے کنٹینر جہازوں کو محفوظ اور مؤثر انداز میں سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ جہاز 398.5 میٹر لمبا، 59 میٹر چوڑا ہے، جبکہ اس کی گنجائش 20,000 TEUs ہے۔ اس کا گراس ٹنیج (GT) 194,308 میٹرک ٹن اور ڈرافٹ 12.0 میٹر ہے۔ کراچی پورٹ پر کارگو آپریشنز مکمل کرنے کے بعد ایم ایس سی ایریکا اپنی اگلی منزل دالیان، چین کے لیے روانہ ہوگا۔

جہاز کے اس دورے کے دوران 3,000 سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع ہے۔ ایم ایس سی ایریکا کے ماسٹر نے کراچی پورٹ کے پائلٹس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، محفوظ انداز میں جہاز کی رہنمائی اور پرتپاک مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کراچی پورٹ کو خطے کی بہترین بندرگاہوں میں سے ایک قرار دیا۔