سوراب میں مسافر بسوں پر فائرنگ،دو افراد زخمی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سوراب میں نامعلوم مسلح افراد نے دو مسافر بسوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو مسافر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پنجگور سے کوئٹہ آنے والی دو مسافر بسیں سوراب کے علاقے سے گزر رہی تھیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو 1122 کی مدد سے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔