پاک فوج سے متعلق بیان،مولانا فضل الرحمان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع
قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ دشمن عناصر کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ پوری قوم اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ قرارداد میں مئوقف
پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما شعیب صدیقی کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی، جس میں مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان پر شدید اعتراض اٹھایا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے اور ایسے بیانات قومی مفاد کے منافی قرار دیے گئے ہیں۔ قرارداد میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ دشمن عناصر کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ پوری قوم اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مزید برآں قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قومی اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب اس قرارداد اور اس میں عائد کیے گئے مؤقف پر مولانا فضل الرحمان یا جمعیت علمائے اسلام (ف) کا ردِعمل فوری طور پر سامنے نہیں آیا۔