سانحہ گل پلازہ کیس،ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 جولائی تک توسیع
تفتیشی افسر ڈی ایس پی عامر کو کیس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ دوبارہ تفتیش کے دوران ملزمان اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے گل پلازہ کیس میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کی۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی دوبارہ تفتیش کا حکم دیا جا چکا ہے، جس کے لیے مزید تحقیقات اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ نئے تفتیشی افسر ڈی ایس پی عامر کو کیس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ دوبارہ تفتیش کے دوران ملزمان اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی جامع تفتیش کے لیے مزید مہلت درکار ہے تاکہ تمام متعلقہ اداروں اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا سکیں۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔