آزاد کشمیر پرتشدد واقعات میں 6 شہری، ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق

یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 15 جولائی کو مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

July 14, 2026 · قومی

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، خصوصاً راولاکوٹ اور ضلع سدھنوتی میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے پرتشدد واقعات میں 6 شہری اور ایک رینجرز اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ضلع سدھنوتی کی تحصیل بلوچ میں زاہد مغل، ظفر مغل، ارسلان اکبر، رقیب عابد اور احسان اللہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ راولاکوٹ کے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب پیش آنے والے واقعے میں واجد حیات بھی جاں بحق ہوئے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ شدید زخمی رقیب عابد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد راولپنڈی منتقل کیا گیا۔

یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 15 جولائی کو مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ واقعے کے بعد تراڑکھل سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، متعدد شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ راولاکوٹ کے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس جب صورتحال پر قابو پانے کے لیے آگے بڑھی تو اس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔