بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے لیے مظفرآباد پہنچ گئے
مختلف عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے اور پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مظفرآباد پہنچ گئے، جہاں وہ مختلف عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے اور پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
مظفرآباد پہنچنے سے قبل کوہالہ پل پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر و اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، سردار جاوید ایوب، مختار عباسی، دیوان چغتائی، اشفاق ظفر، مبشر منیر اعوان اور دیگر رہنماؤں نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا، جبکہ انہیں سیکڑوں گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں دارالحکومت لایا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔
مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مظفرآباد پہنچنے پر کوہالہ پل اور اپرچھتر میں فقیدالمثال استقبال
مظفرآباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جھلک دیکھنے کیلئے کوہالہ پل پر جیالوں اور کشمیر کے عوام کی بڑی تعداد امڈ آئی
مظفرآباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری… pic.twitter.com/cylPYxPbTu
— Fayyaz Satti (@Fayyaz32298) July 14, 2026
اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران بلاول بھٹو زرداری پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن کے امیدواروں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں آئندہ انتخابی حکمت عملی اور انتخابی مہم کے مختلف امور پر مشاورت کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مظفرآباد، پونچھ، نیلم اور جہلم ویلی کے پارٹی امیدواروں، ضلعی صدور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بھی مظفرآباد آمد پر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے، عوام کے سامنے پیپلز پارٹی کا منشور پیش کریں گے اور ریاستی انتخابات تک انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے آزاد کشمیر میں قیام کریں گے۔