ایران کے کسی بھی حملے کا دوگنا جواب دیں گے: نیتن یاہو
ہ اسرائیل اپنی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی تو اس کا جواب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت اور طاقتور ہوگا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کو یہ گمان نہیں ہونا چاہیے کہ اسرائیل کسی حملے کے بعد خاموش رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ایران کی جانب سے ہونے والے حملوں کے جواب میں بھی اسرائیل نے سخت ردعمل دیا تھا، تاہم آئندہ کسی حملے کی صورت میں جواب اس سے بھی زیادہ مؤثر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اب ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت ملک کو نقصان پہنچانے والے ہر فریق کو سخت جواب دیا جائے گا اور یہ حکمت عملی آئندہ بھی جاری رہے گی۔
نیتن یاہو نے اپنے بیان میں ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا جنہیں وہ اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان کے بعد خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔