تربیلا ٹی فائیو منصوبے کا ملازم فائرنگ میں جاں بحق۔حملہ آور فرار
گلہ موڑ میں نامعلوم افراد نے صابر حسین کو گولیاں ماریں۔ تحقیقات شروع
تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی فائیو) میں خدمات انجام دینے والے لائٹ ڈیوٹی فورمین صابر حسین کو گلہ موڑ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے تھا اور وہ تربیلا ٹی فائیو منصوبے میں لائٹ ڈیوٹی فورمین کے علاوہ چینی پراجیکٹ منیجر کے ڈرائیور کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔