ملک بھر کے طلبہ کے لیے آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 کا انعقاد
سمر کیمپ کے دوران رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکا کے ساتھ خصوصی نشست کی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4 ہزار سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔
سمر کیمپ کے دوران رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکا کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں پاکستان کے ماضی، حال، مستقبل اور دو قومی نظریے سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ نظریۂ پاکستان وہ فکری بنیاد ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مذہبی، سماجی اور قانونی حقوق فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تاریخ کا گہرائی سے مطالعہ کریں، تحقیق کریں اور مستند ذرائع کی بنیاد پر اپنی آزادانہ رائے قائم کریں۔ ان کے مطابق نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لا کر ملک کی ترقی اور تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر انیس احمد نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو مستقل اور اصولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں قومی شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان میں قائدانہ اوصاف پیدا کرنا اور قومی شعور کو فروغ دینا ہے۔