پنجاب کے 5 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز
پنجاب میں مرحلہ وار جدید الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پنجاب کے 5 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے پانچ اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں لیہ، چنیوٹ، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور مری کے شہری جدید سفری سہولت سے مستفید ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار جدید الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ مری میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کی جا رہی ہے، جبکہ بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی 101 نئی الیکٹرک بسیں جلد شامل کی جائیں گی، جبکہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران صوبے بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب عوام کو جدید، ماحول دوست اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔