معروف امریکی ماہر اسلامیات پروفیسرجان ایل ایسپوزیٹو انتقال کر گئے
اسلام، مسلم دنیا اور بین المذاہب تعلقات پر نمایاں علمی خدمات انجام دیں
فائل فوٹو
معروف امریکی ماہرِ اسلامیات، مصنف اور مفکر پروفیسر جان ایل ایسپوزیٹوانتقال کر گئے۔ وہ عصرِ حاضر کے ان ممتاز مغربی مفکرین اور مستشرقین میں شمار ہوتے تھے جن کی علمی و تحقیقی خدمات نے مغرب، یورپ اور مشرق میں گہرے اثرات مرتب کیے۔
پروفیسر جان ایل ایسپوزیٹو جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ریلیجن اینڈ انٹرنیشنل افیئرز پروگرام کے بانی اور ڈائریکٹر رہے۔ وہ الولید بن طلال سینٹر فار مسلم کرسچن انڈرسٹینڈنگ (Alwaleed Center for Muslim-Christian Understanding) کے بانی ڈائریکٹر بھی تھے۔
وہ مسلم،عیسائی تعلقات کے موضوع میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے اور اس بحث کو علمی و تحقیقی سطح پر آگے بڑھاتے رہے۔ اس کے علاوہ وہ امریکی حکومت کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مشیر (کنسلٹنٹ) کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
امریکی اور بین الاقوامی میڈیا میں انہیں غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔ ان کے انٹرویوز اور تجزیے وال اسٹریٹ جرنل، نیویارک ٹائمز، گارڈین، واشنگٹن پوسٹ، سی این این، این پی آر اور بی بی سی سمیت متعدد عالمی اداروں میں شائع اور نشر ہوتے رہے۔
پروفیسر جان کا تحقیقی میدان اسلام، اسلامی فکر، اسلامی تاریخ، مسلم دنیا، اسلامی تحریکات، مطالعۂ ادیان اور اسلام و مغرب کے تعلقات پر مشتمل تھا۔ ان موضوعات پر انہوں نے 50 سے زائد کتابیں تصنیف کیں، جن میں متعدد انسائیکلوپیڈیاز بھی شامل ہیں۔
ان کی تصانیف عربی، فارسی، ترکی، جاپانی سمیت 40 زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں اور دنیا بھر میں پڑھی جاتی ہیں۔ ان کی تحریروں اور تحقیقات کی نمایاں خصوصیت غیر جانبدارانہ انداز اور اسلام، اسلامی فکر اور اسلامی تاریخ سے متعلق متوازن اور قابلِ تعریف تشریحات سمجھی جاتی ہیں۔
انہوں نے متعدد اہم انسائیکلوپیڈیاز بھی مرتب کیے،اس کے علاوہ کئی دیگر اہم انسائیکلوپیڈیاز میں بھی ان کے مضامین اور مقالات شامل ہیں۔
پروفیسر جان ایل ایسپوزیٹو کے بارے میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا تھا۔