کراچی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، مشتعل افراد نے ٹینکر جلا دیا
ڈرائیور موقع سے فرار، ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا، ٹینکر مکمل تباہ ہوگیا۔
کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جمعہ کی صبح ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔ پولیس اور ریسکیو حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 50 سالہ بشیر حسن اسکوائر سے جیل چورنگی کی جانب جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے واٹر ٹینکر نے انہیں ٹکر مار دی اور کچل دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا اور گاڑی وہیں چھوڑ دی، جس پر مشتعل ہجوم نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحقیب خان کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، تاہم واٹر ٹینکر آگ لگنے سے بری طرح تباہ ہوگیا۔