استنبول سے اسلام آباد آنے والی ترکش ایئر کی پرواز باکو میں ہنگامی لینڈنگ

آذربائیجان کی فضائی حدود میں طیارہ متاثر، مسافروں کو بحفاظت باکو منتقل کر دیا گیا

July 17, 2026 · قومی

استنبول سے اسلام آباد آنے والی ترکش ایئر کی پرواز آذربائیجان کی فضائی حدود میں فنی خرابی کا شکار ہوگئی، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی ڈیکلیئر کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت باکو ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ایئر کی پرواز TK-710 استنبول سے اسلام آباد کے لیے روانہ تھی کہ دورانِ پرواز طیارے میں تکنیکی مسئلہ سامنے آگیا۔ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارے کو گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم (GNSS) کے سگنلز کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے باعث پائلٹ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول  کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایئربس A330 طیارے کی باکو ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ کرائی گئی۔

لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ ٹرمینل منتقل کر دیا گیا، جبکہ انجینئرنگ ٹیم نے طیارے کی فنی خرابی دور کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ پرواز کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 35 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنا تھا۔