شیخو پورہ میں اے سی چلانے سے منع کرنے پر بیٹے کی فائرنگ۔ والد جاں بحق
والد نے بجلی کا بل زیادہ آنے پر اے سی چلانے سے روکا تو بیٹامشتعل ہوگیا
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں بجلی کے بل اور اے سی چلانے کے معاملے پر ہونے والا گھریلو جھگڑا خونی سانحے میں تبدیل ہوگیا، جہاں مشتعل بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل جبکہ والدہ اور بہن کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ فیروزوالہ کے علاقے گلفشاں ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں والد نے بجلی کا بل زیادہ آنے پر اپنے بیٹے کو اے سی چلانے سے منع کیا۔ اس دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو شدت اختیار کر گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والد کی ڈانٹ ڈپٹ پر بیٹا طیش میں آگیا اور اس نے گھر میں موجود اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں والد شیروز خان موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ والدہ گلناز بی بی اور بہن نجمہ گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش و زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی خواتین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شواہد اکٹھے کرکے مقدمہ درج کرنے کا عمل جاری ہے۔