کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
صبح کی بوندا باندی کے بعد کراچی میں ٹریفک متاثر، کئی موٹر سائیکل سوار حادثات کاشکار
کراچی میں رات گئے اور صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث مختلف سڑکوں پر پھسلن کے نتیجے میں متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے۔
سمندر سے آنے والے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن بڑھنے سے دفاتر جانے والے کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے۔
شارع فیصل، ملت ایکسپریس وے، شہید ملت روڈ، یونیورسٹی روڈ، مین کورنگی روڈ، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔
شہید ملت روڈ اور ملت ایکسپریس وے پر پیش آنے والے حادثات میں زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کرتے بھی نظر آئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو سے تین روز تک کراچی میں موسم ابر آلود رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان برقرار ہے۔