سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کےقافلے پرفائرنگ،سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

ٹائیں ڈھلکوٹ میں حملہ، سابق معاون خصوصی سمیت متعدد افراد زخمی

July 17, 2026 · قومی

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما سردار تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس راؤلاکوٹ کے دو روزہ دورے پر جا رہے تھے کہ پلندری کے علاقے ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے واقعے میں قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی گارڈ سردار آصف یوسف کا تعلق کوٹیڑہ گوراہ پلندری سے تھا۔ سردار آصف یوسف کچھ عرصہ قبل وزیراعظم پاکستان کی سیکیورٹی ڈیوٹی سے ریٹائرڈ ہوئے تھے اور سردار تنویر الیاس کی ذاتی سیکیورٹی پر مامور تھے۔

ذرائع کے مطابق سردار آصف یوسف سر پر گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔