ناران میں غیر قانونی پٹرول و ڈیزل ڈیپو میں آگ بھڑک اٹھی،ریسکیو آپریشن جاری

واقعے کے فوراً بعد قریبی ہوٹل میں موجود سیاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں

July 18, 2026 · قومی

 خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام ناران کی کاغان ویلی کے علاقے بوڑاوائی میں قائم ایک غیر قانونی پٹرول و ڈیزل اسٹوریج پوائنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے بعد وہاں موجود پٹرول اور ڈیزل نے شدت سے آگ پکڑ لی، جس کے باعث قریب کھڑی سیاحوں کی ایک کوسٹر بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔

انتظامیہ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد قریبی ہوٹل میں موجود سیاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر سیاحت نے ناران کا دورہ مکمل کیا تھا، تاہم اس واقعے کو اس دورے سے جوڑنے کی کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔