سابق وزیراعظم سردار عتیق کے قافلے پر فائرنگ، حملہ آور فرار
فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور سابق وزیراعظم سمیت قافلے میں شامل تمام افراد محفوظ رہے۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے قافلے پر پنیالی ساہلیاں جاتے ہوئے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو مسلح افراد فائرنگ کے بعد پستول لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور سابق وزیراعظم سمیت قافلے میں شامل تمام افراد محفوظ رہے۔
سردار عثمان عتیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔