لاہور:ویلنشیا ٹاؤن واقعہ، خاتون اور تین بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل
چاروں افراد کی نماز جنازہ اور تدفین کے لیے خاتون کے قریبی عزیزوں کی بیرون ملک سے آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے
لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں خاتون اور ان کے تین بچوں کی ہلاکت کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ میتیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چاروں افراد کی نماز جنازہ اور تدفین کے لیے خاتون کے قریبی عزیزوں کی بیرون ملک سے آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اہل خانہ کی وطن واپسی کے بعد تدفین سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاندان کا سربراہ لاہور میں موجود ہے، تاہم دیگر قریبی رشتہ دار بیرون ملک مقیم ہیں، جن کی آمد کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ویلنشیا ٹاؤن میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ایک خاتون اور ان کے تین بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹس آنے کے بعد ہلاکتوں کی وجوہات سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔